بھیونڈی: (نامہ نگار ) بھیونڈی شہر کے مختلف پولیس اسٹیشنوں کی حدود کے تحت مسلسل گاڑیوں کی چوری کے معاملات میں اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے بھیونڈی کے ڈپٹی پولیس کمشنر یوگیش چوہان نے بھیونڈی شہر کے سبھی پولیس اسٹیشن کے سینیئر پولیس انسپکٹر کو سخت ہدایت دیتے ہوئے شہر میں پولیس کا گشت بڑھانے کے احکامات دئیے ہیں۔ جس کے بعد مختلف جرائم میں ملوث مجرمانہ قسم کے لوگوں کو گرفتار کیا جارہا ہے۔ اسی تناظر میں نارپولی پولیس اسٹیشن کے تحت منی سورت کمپاؤنڈ کے منی رتن پلازہ سے بھرت کمار منی لال گپتا کی ٹاٹا ایس ٹیمپو 22 فروری کو نامعلوم چوروں نے چوری کرلیا تھا۔ جس کی شکایت انہوں نے نارپولی پولیس اسٹیشن میں درج کرائی تھی جس کی تفتیش نارپولی پولیس اسٹیشن کے پولیس افسران کررہے تھے ۔تفتیش کے دوران نابالغ مجرم کے ذریعے مذکورہ واردات کو انجام دینے کی جانکاری موصول ہوئی جسے پولیس نے فوری طور سے گرفتار کرلیا ہے اور تفتیش کے دوران نابالغ نے جرم کے ارتکاب کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔ پولیس کے ذریعے مزید تفتیش کے دوران سال 2020 _ 2021 میں بھی دو موٹرسائیکل کی چوری کا انکشاف ہوا ہے۔
نارپولی پولیس نے گرفتار نابالغ ملزم کے پاس سے ایک ٹاٹا ایس ٹیمپو ایم ایچ 04 ایف جے 1060 ، ایک ہونڈا شائن موٹرسائیکل ایم ایچ 04 جے ایل 3146 اور ایک سوزوکی ایس ایس 125 ایم ایچ 04 کے جی 2833 اس طرح مجموعی طور پر 1،15،000 قیمت کی تین گاڑیاں برآمد کرلی ہیں اس کے ساتھ ہی تین چوری کی وارداتوں کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
غور طلب ہے کہ بھیونڈی کے ڈپٹی پولیس کمشنر یوگیش چوہان کی سربراہی میں ، اسسٹنٹ پولیس کمشنر (مشرقی) پرشانت ڈھولے ، نارپولی پولیس اسٹیشن کے سینئر پولیس انسپکٹر مالوجی شندے اور پولیس انسپکٹر (کرائم) رویندر وانی کی رہنمائی میں اس واقعے کی تحقیقات پولیس سب انسپکٹر سروے ، پولیس حوالدار اشوک بوڑکے ، پولیس نائیک راجیش گاوڈے ، راجیش پاٹل ، لکشمن سہارے اور پولیس کانسٹیبل سنیل شندے ، پارس باویسکر اور پروین سوناونے نے کی ہے۔ مذکورہ معلومات نارپولی پولیس اسٹیشن کے سینیئر پولیس انسپکٹر مالوجی شندے نے دی ہے۔