ہندوستان کے آل راونڈر یوسف پٹھان نے جمعہ کے روز کرکٹ کے سبھی فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کیا۔ یوسف پٹھان نے ٹویٹر پر اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ 38 سالہ آل راؤنڈر نے کرکٹ کے تمام فارمیٹوں سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے ٹویٹ کیا، “میں سبھی طرح سے حمایت کرنے اور پیار دینے کے لئے اپنے کنبے، دوستوں، مداحوں، ٹیم، کوچوں اور ملک کا پورے دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ آپ سب مستقبل میں بھی میری حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے۔
یوسف نے اپنے کرکٹ کیریئر میں 57 ون ڈے اور 22 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے۔ انہوں نے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں کل 810 رنز اور ٹی ٹوئنٹی میں 236 رن بنائے۔ بین الاقوامی کرکٹ میں ان کے کیریئر کا سب سے اہم وقت 2010 میں تھا جب انہوں نے بنگلور میں نیوزی لینڈ کے خلاف ناٹ آوٹ 123 رنز بنائے تھے۔ اس میچ میں ہندوستان 316 رن کے ہدف کا تعاقب کرنے اترا تھا۔ یوسف نے آف اسپن گیندبازی بھی کہ اور بین الاقوامی کرکٹ میں 46 وکٹیں حاصل کیں۔
یوسف 2007 میں ٹی 20 ورلڈ کپ اور 2011 میں ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کا حصہ تھے۔ یوسف 12 سال تک انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کا بھی حصہ رہے۔ وہ آئی پی ایل میں راجستھان رائلز اور کولکتہ نائٹ رائڈرز کے لئے کھیلے۔ انہوں نے آئی پی ایل میں مجموعی طور پر 3204 رنز بنائے اور 42 وکٹیں حاصل کیں۔
یوسف نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنے کیریئر کی شروعات 02-2001 میں کی تھی۔ وہ 02-2001 کے گھریلو سیزن میں سوراشٹر کے خلاف بڑودہ کے لئے کھیلے تھے۔ انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں مجموعی طور پر 4800 رن بنائے اور 201 وکٹیں حاصل کیں۔